ریاض: آج سے چند سال پہلے تک کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ سعودی عرب میں فلم فیسٹیول منعقد ہو سکتے ہیں اور سینما گھروں میں دْنیا بھر کی فلمیں بھی دکھائی جا سکتی ہیں، تاہم موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ تین چار سالوں کے دوران ایسے انقلابی فیصلے کیے ہیں جنہوں نے دْنیا بھرکو حیران کر دیا ہے۔سعودی عرب میں بحر الاحمر فلم فیسٹیول کیلئے تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔یہ فلم فیسٹیول 11 نومبر سے 20 نومبر تک ہو گا۔العربیہ نیوز کے مطابق فلم میں حصہ لیے لیے رجسٹریشن کا عمل 18 مئی سے شروع ہوچکا ہے جو 18 اگست 2021ء تک جاری رہے گا۔ میلے میں عرب فلموں سمیت ایشین اور افریقی فلموں کیلئے درخواستیں دی جا سکیں گی۔یہ میلہ تاریخی شہر جدہ میں منعقد ہونے والا ہے جس میں فلمی شائقین ، فلم بینوں اور عالمی سنیما انڈسٹری کے ماہرین کو شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس میلے کا انعقاد مارچ 2020ء کو ہونا تھا مگر وبا کی وجہ سے سے ڈیڑھ سال کے لگ بھگ موخر کرنا پڑا۔ ریڈ سی فلم فیسٹیول کے دوران شوبز کے 11 پروگرامات منعقد کیے جائیں گے۔ اس دوران مختصر اور لمبی ، فیچر اور تجرباتی سعودی فلمیں ، کلاسک سنیما کے شاہکاروں کے علاوہ مستقبل میں ورچوئل رئیلٹی ، تخلیق شدہ حقیقت اور انٹرایکٹو سنیما کی تخلیقات کو پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔