سعودی عرب میں شدید برفباری سے سیاح خوش

   

ریاض : (کے این واصف ) سعودی عرب کے تبوک ریجن میں ہونے والی شدید برف باری کے باعث اللوز پہاڑ نے برف کی چادر کو اوڑھ لیا ہے جس کے باعث یہاں کا منظر انتہائی حسین ہوگیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے علاقہ کا رخ کررہی ہے۔ واضح رہے کہ سردیوں کے موسم میں اللوز پہاڑ پر ہر سال برفباری ہوتی ہے اور پہاڑ برف کی سفید چادر اوڑھ لیتا ہے، مہم جوئی کے شوقین سیاح بھی اس موسم میں علاقہ کا رخ کرتے ہیں۔ اس پہاڑ کی اونچائی سطح سمندر سے دوہزار 580 میٹر بلند ہے اور یہ خطہ حسمیٰ کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں سے ایک جانا جاتا ہے، جس کے پہاڑ تبوک کے مغرب سے اردن میں وادی رم تک سروات کے پہاڑوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔