ریاض: سعودی عرب میں ہفتہ کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا عید الفطر پیر 2 مئی کو ہوگی۔ایوان شاہی کے بیان میں کہا گیا کہ’ اتوار یکم مئی کو 30 رمضان المبارک ہوگی جبکہ عیدالفطر پیر 2 مئی کو منائی جائے گی‘۔ سعودی سپریم کورٹ نے عوام سے درخواست کی تھی کہ ہفتہ 29 رمضان 1443ھ مطابق 30 اپریل 2022 کوعید کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے۔ سپریم کورٹ نے بیان میں کہا تھا کہ’ عید کا چاند دوربین کے ذریعے بھی دیکھا جاسکتا ہے اور آلات کے بغیر بھی دیکھنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ چاند نظر آنے پر قریب ترین عدالت پہنچ کر شہادت قلمبند کرائی جائے‘۔ بیان میں لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ ’جن کی نظر تیز ہو اوروہ رویت ہلال کمیٹی کی مدد کرنا چاہتے ہوں وہ ہرعلاقے میں موجود رویت ہلال کمیٹی میں شریک ہوسکتے ہیں۔ ان کا یہ تعاون قابل قدر ہوگا‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں چاند دیکھنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پراعلان کیا جاتا ہے۔