سعودی عرب میں عازمین حج کیلئے نسک کارڈز کی تقسیم کاآغاز

   

حج سیزن کا 29 اپریل 2025 سے باقاعدہ آغاز
ریاض:سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے رواں برس عازمین حج کے لیے نسک کارڈز کی تقسیم شروع کردی ہے ۔ اب تک ایک لاکھ 50 ہزار کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔میڈیاکے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نسک کارڈ انتہائی اعلٰی معیار کے پرنٹنگ کمپنی میں تیار کیے جا رہے ہیں جس میں بہترین سکیورٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے ۔رواں برس کے لیے تیار کیے جانے والے نسک کارڈز کی خاص بات یہ ہے کہ گراؤنڈ پر موجود سکیورٹی اہلکار اس کی جانچ آسانی سے کرلیں گے ۔کارڈ میں عازم حج کی تمام معلومات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعرمقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے ایڈریس اور کمپنی کے بارے میں مکمل معلومات و اہم ٹیلی فون نمبر کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔بیرون مملکت سے آنے والے عازم حج کو ان کا کارڈ مملکت پہنچتے ہی دیا جاتا ہے جبکہ اندرون مملکت سے داخلی حجاج کے لیے کارڈز حج ایام شروع ہونے سے چند دن قبل دیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کیلئے یکم ذی القعدہ مطابق 29 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے ۔حج سیزن کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل 2025 سے ہوگا بیرون مملکت سے عازمین حج کی پہلی پرواز 29 اپریل کو مملکت میں داخل ہوگی جس کے بعد یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
وزارت سیاحت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس ‘مکہ پرمٹ’ ہے یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔