سعودی عرب میں عراقی اور برونئی کے عازمین حج کی آمد شروع

   

مکہ مکرمہ ، 16 مئی (یو این آئی)سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کے سلسلے میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، ایسے میں جمہوریہ عراق اور برونئی دارالسلام سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے ۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز عراق سے 192 بسوں کا قافلہ 4 ہزار عازمین کو لے کر عرعر کی نئی سرحدی چوکی پر پہنچا جہاں انکا بھرپور استقبال کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق عرعر کی نئی تعمیر ہونے والی سرحدی چوکی پر سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ‘جوازات’ کے کاونٹز کے علاوہ ضیوف الرحمان کے آرام کرنے کے لیے خصوصی ہالز بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ جس کا مقصد عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہے ۔محکمہ جوازات کی جانب سے اضافی عملے کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو امیگریشن کی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس کے علاوہ برونئی دارالسلام سے 260 عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر پہنچا جہاں ان کا بہترین استقبال کیا گیا۔عازمین حج مدینہ منورہ میں چند دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حج ایام تک قیام کریں گے بعدازاں فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے مشاعر مقدسہ روانہ ہو جائیں گے ۔دوسری جانب سعودی عرب میں رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ نے کہا ہے کہ حج 1446 ہجری کے لیے عازمینِ حج کی خدمت کے حوالے سے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔