سعودی عرب میں کورونا ویکسین مفت دی جائیگی

,

   

سعودی عرب ساری دنیا کا پہلا ملک ہوگا جہاں مؤثر ویکسین دستیاب ہوگی

ریاض : سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر برائے صحت احتیاطی امور ڈاکٹر عبداللہ العصری نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین سعودی عرب میں تمام شہریوں کیلئے مفت دستیاب ہوگی۔ سعودی عرب اس ویکسین کو صحت عامہ کی غرض سے حاصل کررہا ہے۔ کوروناوائرس ویکسین کو قیمتوں کی اشیاء کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ لہٰذا سعودی عرب میں کورونا ویکسین تمام شہریوں کو مفت دی جائے گی۔ وہ العربیہ ٹیلیویژن سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر عبداللہ العصری نے توقع ظاہر کی کہ کوروناوائرس ویکسین 2021ء کے ختم تک سعودی عرب کی آبادی کے 70 فیصد علاقہ میں دستیاب ہوگی۔ اس ویکسین کو بالغ افراد کیلئے دو مرتبہ دیا جائے گا اور 16 سال سے کم عمر لڑکوں کو اس مرحلہ پر ویکسین نہیں دی جائے گی۔ قبل ازیں العصری نے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ سعودی عرب G-20 ممالک اور ساری دنیا میں پہلا ملک ہوگا جو اپنے شہریوں کیلئے اچھی مقدار میں محفوظ اور مؤثر ویکسین حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔ کوروناوائرس سے لڑنے کیلئے یہ ویکسین مؤثر ثابت ہوگی۔ اسی دوران اسسٹنٹ منسٹر آف ہیلتھ اور وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعلی نے کہا کہ سعودی عرب کو ویکسین کی ڈیلیوری دستیاب رہے گی جو مخصوص اور متعدی تقاضوں کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ متعلقہ حکام نے اس ویکسین کے حصول کے ساتھ ساتھ اسے مؤثر بنانے اور اسے محفوظ طریقہ سے استعمال کرنے کا انتظام کرلیا ہے۔ العبدالعلی نے توثیق کی کہ گذشتہ ہفتہ 63 فیصد کوروناوائرس کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے دی گئی ہدایت کی پابندی کریں۔