جدہ : سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملائیشیا سے آنے والی 302.2 کلو گرام کوکین کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق ملائیشیا کی کاؤنٹرپارٹ ایجنسی کو جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول کی طرف سے اس حوالے سے اطلاعات فراہم کردی گئی ہیں۔سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کرنل طلال بن عبدالمحسن بن شلہوب نے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں مہارت رکھنے والے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کی مسلسل فعال نگرانی کے نتیجے میں سعودی عرب میں کسی ملک سے آنے والے کنٹینر کے اندر سویابین میں چھپائی گئی منشیات کا پتا چلایا گیا۔بن شلہوب نے زور دے کر کہا کہ سعودی عرب منشیات کے ذریعے مملکت، اس کے نوجوانوں اور پوری دنیا کی سلامتی کو نشانہ بنانے والی مجرمانہ سرگرمیوں کو لگام دینے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔