صنعا۔25 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی قیادت والی افواج پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور شمالی یمن کے شہروں میں فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔مقامی میڈیا نے یہ اطلاع ہفتہ کو دی ۔حوثی باغیوں کے ایک ترجمان نے المسیرہ نیوز چینل سے کہا کہ دشمنوں کے لڑاکا طیاروں نے یمن سے صوبہ سعدہ اور مارب سمیت مختلف علاقوں میں 35 فضائی حملے کئے ہیں ۔واضح ر ہے کہ اتحادی افواج نے عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے اور اقوام متحدہ کے عالمی جنگ بندی کے اعلان کے پیش نظر 8 اپریل کو 14 دن کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا ۔ حوثی باغیوں اور اتحادی افواج تب سے ایک دوسرے پر دھوکہ دہی کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ اتحادی افواج نے کووڈ۔19کے قہر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جنگ بندی کی مدت میں گزشتہ جمعہ کو ایک ماہ کی توسیع کی تھی ۔ واضح ر ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان 2015 ء سے لڑائی جا ری ہے ۔ دونوں کے درمیان اگرچہ 2018 ء میں معاہدہ ہوا تھا، لیکن تھوڑے ہی دنوں بعد یہ معاہدہ ختم ہو گیا تھا ۔
