ریاض، 7 نومبر (یو این آئی) سعودی عرب میں پاسپورٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل (جوازات) میجر جنرل صالح نے اعلان کیا ہیکہ ڈائریکٹوریٹ بہت جلد غیرقانونی افراد کی ملک بدری کیلئے سیلف ڈیپورٹیشن پلیٹ فارم کے نام سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم شروع کرنے جارہا ہے۔ پاسپورٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ سیلف ڈیپورٹیشن پلیٹ فارم ڈائریکٹوریٹ کو ان روایتی طریقوں سے دور رہنے کے قابل بنائے گا جو پہلے رہائش، مزدوری اور سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ملک بدر کرنے کیلئے استعمال کیے جاتے تھے ۔ سیکیورٹی، تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کو حتمی شکل دیتے ہی اس کا آغاز ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے غیر قانونی افراد کو پلیٹ فارم تک رسائی اور اس کے ذریعے اپنے سفری طریقہ کار کو مکمل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جلد ہی ایک سمارٹ ٹریک شروع کرے گا جو مسافروں کو وہاں سے گزرنے اور سمارٹ کیمروں کے ذریعے ان کی شناخت کی تصدیق کرنے کی اجازت دے گا۔ یہ کیمرے بیک وقت 35 افراد کی شناخت کی تصدیق کرسکتے ہیں اور پاسپورٹ کنٹرول افسران کے ساتھ بات چیت کی ضرورت کے بغیر ان کے کراسنگ کے طریقہ کار کو مکمل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روانگی کے طریقہ کار کو ہموار کیا جائے گا، جس سے ڈیپارچر لاؤنجز میں پاسپورٹ کنٹرول سے گزرنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے وزارت داخلہ کے اندر ڈیجیٹل خدمات کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ کرنے والا کوئی بھی شخص پاسپورٹ کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو دیکھ سکتا ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جوازات کی حکمت عملی کا مقصد مملکت میں بندرگاہوں کو سمارٹ گیٹ ویز میں تبدیل کرنا ہے ۔
