گذشتہ سال 10 لاکھ انڈین وزیٹرس کادورہ،تعداد کو دوگنا کرنے سعودی ٹورازم اتھاریٹی کا منصوبہ
عید الاضحی کے بعد ہندوستان سے سعودی عرب کیلئے راست پروازوں کی تعداد میں اضافہ کا اعلان
ریاض : سعودی حکام ہندوستان سے آنے والے سیاحوں کیلئے ثقافتی ورثے کے مقامات کے فروغ کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ وہ آنے والے برسوں میں لاکھوں ہندوستانی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے تیار ہیں۔عرب نیوز کے مطابق سعودی وژن 2030 کے متنوع منصوبے کے تحت مملکت میں سیاحت ایک فروغ پذیر شعبہ ہے۔اس وژن کا ایک اہم حصہ سعودی عرب کو ایک متحرک، متنوع، سیاحتی منزل اور مارکیٹ کے طور پر کھڑا کرنا ہے جو 2030 تک مجموعی گھریلو پیداوار میں 10 فیصد کا حصہ ادا کرے گا۔سعودی ٹورازم اتھارٹی فروری سے پورے ہندوستان میں اپنی پروموشنل کوششوں کو تیز کر رہی ہے جس میں مملکت کے تاریخی مقامات اور مستقبل کے منصوبوں کی نمائش ہوتی ہے۔سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک کے چیف الحسن الدباغ نے میڈیاکو بتایا کہ ’ہمارا مقصد انڈین وزیٹرز اور سعودی شہریوں کے درمیان تعلق پیدا کرنا اور ناقابل یقین منزل کے بارے میں آگاہی بڑھانا ہے۔‘سعودی ٹورازم اتھارٹی ابتدائی طور پر ثقافتی ورثے کے مقامات میں دلچسپی لینے والے سیاحوں کو راغب کر رہی ہے جن کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔الحسن الدباغ نے کہا کہ ’سعودی عرب ثقافتی اور تاریخی مقامات پر مشتمل ہے۔ یہ یونیسکو کی چھ عالمی ثقافتی ورثے کی سائٹس کا گھر ہے اور یہاں دس ہزار سے زیادہ آثار قدیمہ کے مقامات دریافت ہونے کے منتظر ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’پچھلے سال ہم نے 10 لاکھ انڈین وزیٹرس کا خیرمقدم کیا اوران سیاحوں کی تعداد کو دگنا کرکے 20 لاکھ کرنے کا منصوبہ ہے۔‘ سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک کے چیف نے کہا کہ ’ہم نے اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چار لاکھ ہندوستانی مسافروں کا خیرمقدم کیا ہے اور 2030 تک اس کو 12 ملین انڈین وزیٹرس تک پہنچنا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’عید الاضحی کے بعد انڈیا سے سعودی عرب کیلئے راست پروازوں کی تعداد موجودہ 243 فی ہفتہ سے بڑھ کر 290 فی ہفتہ ہو جائے گی تاکہ موسم گرما کی تعطیلات کیلئے وزیٹرس کو راغب کیا جاسکے۔‘ ’طائف کے خوبصورت پہاڑوں سے لیکر جدہ کے ساحلوں اور بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ ساتھ ایک تفریحی کیلنڈر تک، تمام وزیٹرز کیلئے لطف اندوز ہونے کیلئے کچھ نہ کچھ ہے۔‘ ہندوستانی سیاح سعودی عرب میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف انڈیا کی صدر جیوتی مایا نے میڈیا کو بتایا کہ لوگ آسان رسائی کے ساتھ ایک نئی منزل کے آغاز اور مختلف برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے پہلوؤں کے ساتھ لبرل پالیسیوں سے واقف ہو رہے ہیں۔ سیاحت ہمیشہ تجربات، علم حاصل کرنے اور سیکھنے کے بارے میں ہوتی ہے۔ثقافتی مقامات کو فروغ دینے والی سعودی سیاحت سے یقیناً طویل مدت میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔‘