ٹوکیو ۔ 20 اکتوبر (ایجنسیز) ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے نے اس ماہ کے آخر میں مشرقِ وسطیٰ کے اپنے مجوزہ دورے سے قبل ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران سعودی عرب سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا ہم فی الحال سعودی عرب سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے عمل میں ہیں ۔ ایک ایسا ملک جو سرمایہ کاری کے حوالے سے بے حد پْرجوش ہے، لہٰذا میرا خیال ہے کہ وہاں ٹوکیو کو فروغ دینا نہایت قیمتی ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا، میں ٹوکیو کے اقدامات اور کشش کو اجاگر کرنا چاہتی ہوں اور شہروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہوں۔کوئیکے نے ریاض میں ہونے والے فیوچر سٹیز انیشی ایٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سرمایہ کاروں، اختراعات اور مالیاتی حکمتِ عملی سے وابستہ افراد کو یکجا کرکے خاصی توجہ حاصل کر چکا ہے۔انہوں نے کہا، مثال کے طور پر ایلون مسک جیسے افراد بھی اس تقریب میں شرکت کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا یہ تقریب تقریباً 5,000 افرادکو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے، اور اسے ایک طرح کا صحرا میں ڈاووس کہا جا سکتا ہے۔ ان تقریبات میں، میں ٹوکیو کی مالیاتی منڈی کو بھرپور انداز میں فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔کاروباری مواقع کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ، کوئیکے جاپان کی سافٹ قوت کو بھی فروغ دینے کی خواہشمند ہیں جیسے اینی می اور مانگا اس زمرے میں اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ ان کرداروں کے خالق، تاکاہاشی یوئچی، کے ساتھ اسٹیج پر نظر آئیں گی جنہوں نے کیپٹن تسوباسا تخلیق کیا، جسے مشرقِ وسطیٰ میں کیپٹن ماجد کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کوئیکے کے مطابق اینی می اور اس کے مواد کا معاشی اثر تقریباً 8 ٹریلین ین کے برابر ہے۔کوئیکے ریاض اور کویت میں ٹوکیو کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹوکیو کی عمدہ ٹیکنالوجی کو مقامی سرکاری عہدیداروں اور کاروباری برادریوں کے سامنے پیش کریں گی۔