ریاض ۔24 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملک میں جاری کورونا بحران کے دوران وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ماہِ صیام کی مناسبت سے نئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ماہ صیام کے دوران ملک بھر میں محدود پیمانے پر ہوٹل کھولنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم تقریبات منعقد کرنے والے ہوٹلوں کو اجازت نہیں دی گئی۔ ماہ صیام کے موقعے پر سخت طبی حفاظتی تدابیر کے تحت ہوٹلوں کو شام 3 بجے سے صبح 3 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ تمام ہوٹل مالکان اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والے کارباری حضرات کو شہریوں کی صحت اور کورونا وبا کے عرصے میں سخت طبی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدیات کی گئی ہے۔منگل کے روز سعودی وزارت داخلہ نے شہروں کے درمیان سفر کرنے کے اوقات کا بھی تعین کیا تھا۔وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو والے علاقوں کے سوا دیگر شہروں میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک احتیاطی تدابیر کے ساتھ سفر کی اجازت دی گئی ہے۔رمضان المبارک کے دوران میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں افطار کی ذمے داری مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے صوبائی حکام کو سونپی گئی ہے۔ وہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے روزے داروں میں افطار کے کھانے تقسیم کریں گے۔دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔
