سعودیہ کا ورک پرمٹ ہو تو رشتہ داروں کیلئے ہوسٹ ویزا

   

فی کس 500 ریال کی فیس، 90 یوم کے ویزا پر عمرہ بھی کرسکیں گے

ریاض (کے این واصف) : حکومت سعودی عرب نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو نئی سہولت میں اپنے عزیز و اقارب کو وزٹ پر اپنے پاس بلوانے کے لئے ’’ہوسٹ ویزا‘‘ کے نام سے ایک نئی سہولت متعارف کروائی ہے۔ قبل ازیں غیر ملکیوں کے لئے وزٹ ویزا کی سہولت صرف اپنے اہل و عیال اور ماں باپ تک محدود تھی لیکن اب غیر ملکی باشندے اپنے بہن اور دیگر رشتہ داروں کے لئے بھی وزٹ ویزا حاصل کرسکیں گے۔ نئے ویزا کی مدت 90 دن کی ہوگی۔ بتایا گیا کہ ویزا کے اجراء کے طریقہ کار کو قطعیت دی جارہی ہے۔ اس کے بعد سعودی اقامہ
(Work Permit)
رکھنے والے اپنے رشتہ داروں کے لئے ابشر
(Abshir)
نٹ پروگرام کے ذریعہ درخواست دے کر ویزا حاصل کرسکیں گے۔ تارکین وطن بیک وقت تین تا پانچ افراد کے لئے ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ انھیں 500 ریال فی کس ادا کرنے ہوں گے۔ خارجی باشندے کسی ایک ہی شخص کے لئے سال میں تین مرتبہ ہوسٹ ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ نئے ویزا پر آنے والے مملکت بھر میں گھوم سکتے ہیں۔ نیز یہ لوگ آج کل رائج طریقہ کار کے مطابق اجازت نامہ حاصل کرکے عمرہ کی ادائیگی کی سعادت بھی حاصل کرسکیں گے۔