حیدرآباد۔ ائر انڈیا نے سعودی عرب آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو منسوخ کردیا ہے کیونکہ سعودی عرب میں تمام بین الاقوامی تجارتی پروازوں کو ایک ہفتے تک کیلئے معطل کردیا ہے ۔ اس امتناع میں مزید ایک ہفتہ توسیع بھی ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ یوروپی ممالک میں کورونا وائرس کی وباء میں شدت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سعودی عرب نے ایک ہفتے کیلئے زمینی اور بحری راستوں سے بھی اپنی سرحدات کو بند کردیا ہے ۔خبر رساں ادارے ایس پی اے نے یہ اطلاع دی ۔ ذرائع نے کہا کہ وائرس کے تعلق سے طبی رپورٹس میںکسی طرح کی وضاحت تک پروازوں پر امتناع میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔ جدہ اور ریاض سے حیدرآباد یا ہندوستان کے دوسرے شہروں کو آنے والی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان آنے والی تمام پروازوں کیلئے مکمل ٹکٹس فروخت ہوچکے تھے کیونکہ کئی لوگ سالانہ تعطیلات سے استفادہ کیلئے گھر واپس آنا چاہتے تھے ۔ ائر انڈیا کے ایک عہدیدار محمد فیاض نے بتایا کہ اجازت ملنے تک تمام پروازیں منسوخ رہیں گی ۔