سعید آباد واقعہ کے قاتل کو پھانسی کی سزا یقینی بنائی جائے

   

پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ وزیر داخلہ محمود علی کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین بالخصوص لڑکیوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کو برداشت نہیں کرے گی ۔ 6 سالہ معصوم لڑکی کے قتل میں ملوث مجرم کو قانونی کارروائی کے ذریعہ سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی ۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، کمشنر پولیس انجنی کمار ، ایڈیشنل کمشنر شکھا گوئل، ڈی سی پی نارتھ زون کملیشور ، ڈی سی پی ساؤتھ زون جی راؤ ، جوائنٹ کمشنر ایسٹ زون رمیش ، جوائنٹ کمشنر سنٹرل زون وشوا پرساد ، ڈی سی پی ٹاسک فورس چکرورتی، اے سی پی ملک پیٹ وینکٹ رمنا اور دوسروں نے شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ واقعہ حیوانیت سوز ہے اورحکومت خواتین پر مظالم کے واقعات کی روک تھام میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ملک بھر میں ستائش کی جاتی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ملزم شراب کا عادی اور ذہنی طور پر کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے دوست و احباب رشتہ داروں کی تعداد انتہائی کم ہے جس کے نتیجہ میں گرفتاری میں وقت لگ رہا ہے ۔ ملزم کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پتہ بتانے والے کو دس لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے عاجلانہ گرفتاری اور فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ کے ذریعہ پھانسی کی سزا دلانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کی طرح اس واقعہ کو بھی اندرون 50 دن حل کیا جائے ۔ R