حیدرآباد : شہر کے علاقہ سعیدآباد تا سنتوش نگر تعمیر کئے جانے والے اسٹیل برج کے کام کے آغاز کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے علاقہ چنچل گوڑہ، سعیدآباد، دھوبی گھاٹ ، آئی ایس سدن‘ سنتوش نگر روڈ پر تین ماہ کیلئے ٹریفک تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار کے بموجب جی ایچ ایم سی کی جانب سے 3.38 کیلومیٹر طویل اسٹیل برج ایلیویٹیڈ کوریڈور کے تعمیراتی کام کا آغاز ایم وی آر انفرا پرا جکٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں۔ ملک پیٹ نلگنڈہ کراس روڈ سے آئی ایس سدن سنتوش نگر جانے والی ٹریفک کا رُخ ملک پیٹ فائر اسٹیشن اکبر باغ، سعیدآباد کالونی، سنکیشور بازار، سنگارینی کالونی، آر ٹی سی کالونی روڈ سے آئی ایس سدن کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح بی ایم آر ایل چوراہا سے نلگنڈہ کراس روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کا رخ آئی ایس سدن، چمپاپیٹ، سنگارینی کالونی، سنکیشور بازار، گڈی انارم یا سعیدآباد کالونی، اکبر باغ اور ملک پیٹ فائر اسٹیشن کی طرف کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی بسیں ، خانگی بسیں ، اسکول کالج کی بسیں، ڈی سی ایم ویان، واٹر ٹینکرس، پٹرول ٹینکرس، سیمنٹ ریڈی مکس گاڑیوں کو نلگنڈہ چوراہے سے ایل بی نگر، ساگر رنگ روڈ سے ڈی ایم آر ایل چوراہے کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ انیل کمار نے کہا کہ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس چنچل گوڑہ تا یادگیری تھیٹر (سنتوش نگر) تک اسٹیل بریج کی تعمیر کی جارہی ہے تاکہ اس مصروف ترین روڈ پر ٹریفک بہاؤ میں آسانی پیدا ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک تحدیدات 11 نومبر سے 11 فروری 2021ء تک نافذ رہیں گی۔