حیدرآباد5 فروری(یواین آئی) تلنگانہ میں سفید کیڑوں نے ہزاروں ایکر کے پام اور ناریل کے درختوں کو تباہ کردیا۔ بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع میں یہ واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ عہدیداروں کے مطابق یہ کیڑے عموماً امریکہ اور میکسیکو میں پائے جاتے ہیں جنہوں نے 50 ہزار ایکر پر پھیلے پام کے درختوں اور دو ہزار ایکر پر پھیلے ناریل کے درختوں کو تبادہ کردیا۔ اطلاع کے مطابق یہ کیڑے پڑوسی ضلع کھمم میں بھی پھیل گئے جہاں بتایا جاتا ہے کہ 30 ہزار ایکر پر پھیلی پام کی فصل کے علاوہ چار ہزار ایکر کے ناریل کے درخت متاثر ہوئے ۔ باغبانی کے عہدیداروں نے سائنسدانوں سے مشاورت کی جنہوں نے کہا کہ ان کیڑوں کی بقاء ممکن نہیں ہے کیوں کہ یہ کیڑے یہاں کے نہیں ہیں اور ہندوستانی موسمی حالات میں یہ نہیں رہ سکتے ۔عہدیداروں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ان کیڑوں سے اپنے درختوں کو محفوظ رکھنے کیلئے نیم کے تیل کا استعمال کریں۔ ڈسٹرکٹ ہارٹیکلچر آفیسر مری انا نے کہا کہ اس سلسلہ میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔