سوائے چین کے کسی ملک کی حمایت حاصل نہیں ، پڑوسی ملک کے اقدام پر ہندوستان کی تنقید
اقوام متحدہ ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان کو سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ پاکستان کو ایک بار پھر چین کے سوائے کسی بھی دیگر ملک کی تائید حاصل نہیں ہوئی کیونکہ چین، پاکستان کا ’’ہر موسم کا دوست‘‘ ملک ہے جبکہ ہندوستان کا کہنا ہیکہ اس سلسلہ میں پاکستان کو ہندوستان سے تعلقات معمول پر لانے کیلئے دیگر اہم مسائل پر توجہ دینے کو اولین ترجیح دینی چاہئے۔ پاکستان کو تائید اسلئے نہیں مل سکی کیونکہ دیگر ممالک کا یہ موقف ہیکہ کشیر ہندوپاک کے درمیان ایک ایسا تنازعہ ہے جس کی یکسوئی باہمی بات چیت کے ذریعہ ہی ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ سید اکبرالدین نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔ چین کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیر مسئلہ پر آج رات بند دروازہ کا اجلاس منعقد کرے گی۔ اس خبر کو فرانسیسی سفارتی ذرائع نے عام کیا ہے جن کے مطابق کشمیر معاملہ پر فرانس کا موقف آج بھی جوں کا توں برقرار ہے اور وہ یہ کہ اس تنازعہ کو دورخی بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہیکہ اجلاس منعقد کرنے کی چین کی کوششوں کو گذشتہ ماہ فرانس نے ویٹو کردیا تھا۔