فریدآباد: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے قتل کی مبینہ سازش بے نقاب ہوئی جب فریدآباد پولیس نے 5 شارپ شوٹرس کو گرفتار کیا۔ فریدآباد کے ڈی سی پی راجیش دگل نے بتایا کہ لارنس بشنوئی گینگ کے شارپ شوٹر راہول اور اس کے ساتھ دیگر ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے بندوقیں برآمد کئے۔ پولیس نے انکشاف کیا کہ قتل کا منصوبہ کالاہرن کے شکار پر سلمان کے خلاف ناراضگی کے سبب بنایا جارہا تھا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ راہول نے جنوری میں ممبئی کا سفر کیا تھا تاکہ ایکٹر سلمان کے اپارٹمنٹ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری حاصل کرسکے۔ وہ باندرہ کے قرب و جوار میں دو روز رہا تھا۔ راہول کی سرگرمی بشنوئی گینگ کے احکام پر چل رہی تھی۔ بشنوئی کالاہرن کے شکار کے معاملہ میں سلمان کے خلاف حد درجہ نالاں ہے۔ بشنوئی موجودہ طور پر راجستھان کی جیل میں سزائے قید بھگت رہا ہے۔