کراچی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) میچ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز محمد عامر، سلمان بٹ ، محمد آصف اور شرجیل خان کی طرح سلیم ملک نے بھی کئی سال بعد جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ وہ 19 برس سارے راز بتانے کو تیار ہوگئے ہیں۔ سلیم ملک نے ایک اور ویڈیو بیان میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے بھی بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ور کہا کہ انسانی حقوق قوانین کے تحت ان کے ساتھ بھی نرمی برتی جائے۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ سلیم ملک کی پیشکش خوش آئند ہے۔ وہ سات سال پہلے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیں تاکہ معاملات آگے بڑ ھ سکیں۔ سلیم ملک نے کہا ہے کہ میرے عمل سے میرے پرستاروں کا دل دکھا تو میں اس کے لئے معافی چاہتا ہوں۔ فکسنگ میں ملوث باقی کرکٹرز کی طرح مجھے بھی دوسری اننگز کا موقع دیا جائے۔ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ مجھے کرکٹ سے روزی روٹی کمانے کا موقع دیا جائے۔تفضل رضوی نے کہا ہے کہ سلیم ملک نے ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے لندن کے ہوٹل میں کچھ نامعلوم لوگوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور گفتگو کے بارے میں سلیم ملک سے وضاحت مانگی تھی لیکن کوئی جواب نہیں دیا تھا اور یہی ان کی واپسی کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔