ممبئی ۔ 16 جنوری (ایجنسیز) سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ میں ابتدائی 2000 کی دہائی میں مقبولیت حاصل کرنے والی مشہور اداکارہ سلینا جیٹلی نے شوہر سے طلاق کی تکلیف دہ کہانی پہلی مرتبہ کھل کر بیان کی ہے اور بتایا کہ شادی کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر طلاق ہوئی اور شوہر پر تشدد، بچوں کی جدائی اور اثاثوں پر قبضے کی کوشش جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سلینا جیٹلی نے 2011 میں آسٹریا کے بزنس مین پیٹر ہیگ سے شادی کی اور بعد ازاں بیرون ملک منتقل ہوگئیں، مداحوں کا خیال تھا کہ وہ ایک پرسکون گھریلو زندگی گزار رہی ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس نکلی اور حالیہ انکشاف میں اداکارہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدہ ہو چکی ہیں اور ان پر جسمانی اور ذہنی تشدد کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
سیلینا جیٹلی نے سوشل میڈیا پر جاری تفصیلی بیان میں اپنے سابق شوہر کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کا فیصلہ اچانک نہیں تھا بلکہ وہ برسوں تک تشدد کا شکار رہیں اور بالآخر اپنی عزت نفس کی حفاظت کیلئے اس رشتے سے علیحدگی اختیار کی تاہم اس فیصلے کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑی اور وہ اپنے بچوں سے جدا ہو گئیں۔بالی ووڈ اداکارہ نے جذباتی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں پڑوسیوں کی مدد سے رات گئے آسٹریا سے باہر نکلنا پڑا اور انکشاف کیا کہ وہ بہت کم رقم کے ساتھ بھارت واپس آئیں اور اس دوران اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑنا پڑا اور اپنی عزت نفس کیلئے آواز اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنے بچوں کو بھی کھو دیا۔