لکھنو: سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور کپل سبل کو سماجوادی پارٹی نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو کپل سبل کے ساتھ اسمبلی احاطے میں پہنچے۔ اس دوران ان کے ساتھ پارٹی کے سینئر رہنما ورکن راجیہ سبھا رام گوپال یادو بھی موجود تھے۔ وہاں کپل سبل نے ان دونوں کی موجودگی میں راجیہ سبھا الیکشن کے لئے نامزدگی داخل کی۔یہ کپل سبل کو سماجوادی پارٹی کی طرف سے بہت بڑا انعام مانا جا رہا ہے۔ وہ سپریم کورٹ میں اعظم خان کے وکیل ہیں،اور مضبوطی سے اعظم خان کا کیس لڑ رہے ہیں، اعظم خان نے اس سے پہلے منگل کو بیان دیا تھا کہ اگر پارٹی انہیں راجیہ سبھا بھیجتی ہے تو سب سے زیادہ انہیں خوشی ہوگی۔واضح رہے کہ آئندہ ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے حصے میں تین نشستیں آرہی ہیں۔ حالانکہ اس بارے میں جب پوچھا گیا تو اکھلیش یادو نے کہا کہ تھوڑی دیر میں معلوم چل جائے گا، کس کو کس کے ساتھ راجیہ سبھا بھیجا جا رہا ہے۔دراصل خبر ہے کہ کپل سبل کے ساتھ پارٹی ڈمپل یادو اور جاوید علی خان کو راجیہ سبھا امیدوار بنائے گی۔ جاوید علی خان کو پروفیسر رام گوپال یادو کا خاص مانا جاتا ہے۔ راجیہ سبھا میں ان کی یہ دوسری مدت ہوگی۔ اس سے پہلے بھی وہ راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں ۔