سماجی انصاف اور عوامی اُمنگوں کے مطابق حکمرانی کے عملی اقدامات

   

ریاست کے ساتھ مرکز کاامتیازی سلوک ، میئر نظام آباد کی حلف برداری تقریب ، مہیش گوڑ، پونم پربھاکر کا خطاب
نظام آباد۔ 20 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کے طور پر بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو ذمہ داری سونپ کر سماجی انصاف کے عزم کو عملی شکل دی گئی ہے ۔ نو منتخب مئیر اُما رانی نے آج نظام آباد میونسپل کارپوریشن دفتر میں منعقدہ تقریب میں باوقار انداز میں میئر کے عہدہ کا حلف لیا، جبکہ ڈپٹی میئر سلمیٰ تحسین نے بھی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، گورنمنٹ ایڈوائزرمحمد علی شبیر اور رورل رکن اسمبلی بھُوپتی ریڈی کے علاوہ عوامی نمائندے موجود تھے۔ریاستی وزیروزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور حکومت عوامی امنگوں کے مطابق حکمرانی جاری رکھے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک جاری ہے، جبکہ تلنگانہ تحریک کے مجاہدین کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ سال 2014 میں تلنگانہ کا بل آج ہی کے دن منظور کیا گیا تھا 14 سال کا وقفہ گزر گیا ہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیے گئے ۔ مرکزی حکومت کے رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے جہدکاروں کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا اور انہیں 250 مربع گز زمین فراہم کیلئے اقدامات کیا جا رہا ہے اس کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی جا رہی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انتخابات تک سیاست ہوتی ہے اس کے بعد ترقی ہی اصل مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے میئر کو ہدایت دی کہ شہر کے تمام ڈیویژنوں کے ساتھ مساوی انصاف کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نظام آباد کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے خصوصی فنڈز کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔نومنتخب میئر اُمارانی نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی ہمہ جہتی ترقی ہی ان کا نصب العین ہے۔ انہوں نے عوام کے اعتماد اور پارٹی قیادت کی رہنمائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر نظام آباد کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا۔ تقریب میں کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، کارپوریٹرس، سیاسی و سماجی قائدین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔