ڈرگس کے خلاف مہم میں حصہ لینے طلبہ کو مشورہ، بہتر تعلیم کے ساتھ ریاست کی ترقی میں حصہ دار بنیں، کھمم کے طلبہ کی چیف منسٹر سے ملاقات، ڈائیٹ چارجس میں اضافہ پر اظہار تشکر
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے سرکاری ہاسٹلس کے طلبہ کیلئے ڈائیٹ اور کاسمیٹکس چارجس میں اضافہ پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیلئے کھمم سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے آج سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ کھمم کے وائیرا اور مدھیرا اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے مہاتما جیوتی با پھولے، سوشیل ویلفیر ہاسٹلس، اسکولس اور کالجس کے طلبہ نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ڈائیٹ اور کاسمیٹکس چارجس میں اضافہ پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر وزیر مال پی سرینواس ریڈی، ارکان پارلیمنٹ بلرام نائیک، آر رگھو رام ریڈی، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر، رکن اسمبلی منوہر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے طلبہ سے دوبہ دو بات چیت کی اور سوشیل ویلفیر ہاسٹلس کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ چیف منسٹر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ ہر ایک کو تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈائیٹ اور کاسمیٹک چارجس میں اضافہ کا مقصد طلبہ کی بنیادی ضروریات کی تکمیل ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کو مستحکم بنانے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 11062 ٹیچرس کے ڈی ایس سی کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے گئے۔ 21 ہزار اساتذہ کو ترقی دی گئی۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ قومی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصری سہولتوں سے آراستہ انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کیلئے قائم کئے جارہے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 20 تا 25 ایکر اراضی پر انٹیگریٹیڈ اسکولس قائم کئے جائیں گے۔ آئندہ تعلیمی سال تک انٹیگریٹیڈ اسکول کامپلکسوں کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ روزگار کے حصول کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت ضروری ہے۔ حکومت نے ینگ انڈیا اِسکل یونیورسٹی کے قیام کے ذریعہ طلبہ کو روزگار فراہم کرنے کیلئے مختلف شعبہ جات میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے آئی ٹی آئیز کو اَپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی مہارت کے ساتھ ساتھ حکومت روزگار کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ چیف منسٹر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس میں مہارت حاصل کریں تاکہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرسکیں۔ آئندہ اولمپکس کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں ینگ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ آج کے طلبہ کل کے بہترین شہری بن کر تلنگانہ کی ترقی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سکریٹریٹ ریاست کے دل کے مانند ہے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد آپ سکریٹریٹ میں داخل ہوسکتے ہیں اور نظم و نسق میں شراکت دار بن سکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے طلبہ کو ڈرگس سے بچاؤ اور اس کے خلاف مہم کا مشورہ دیا اور کہا کہ جہاں کہیں گانجہ اور ڈرگس کا علم ہو100 ڈائیل کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کی عادت نوجوانوں کی زندگی تباہ کرتی ہے۔ ہر ایک کو سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 14 نومبر کو یوم اطفال کے موقع پر 15 ہزار طلبہ کے ساتھ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے اسی دن ریاست میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے دوسرے مرحلہ کو منظوری دی جائے گی۔1