سماجی بائیکاٹ کرنے والوں کو سخت کارروائی کا انتباہ

   

نظام آباد میں جیوتی راؤ پھولے جینتی تقریب، ضلع کلکٹر راجیو ہنمنتو، طاہر بن حمدان کا خطاب
نظام آباد۔ 12؍اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہاتما جیوتی با پھولے کی 199 ویں جینتی تقاریب شاندار طریقے سے منائی گئی۔محکمہ ڈی سی ویلفیئر کے زیر اہتمام نیو امبیڈکر بھون میں منعقدہ ان تقاریب میں کلکٹر راجیوا گاندھی ہنمنتو مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ ریاستی منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چئیرمین انیل ایراوتری، ریاستی اُردو اکیڈمی چئیرمین طاہر بن حمدان، بی سی سنگموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ جیوتی با پھولے کے تصویر پر پھول مالا چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر کلکٹر راجیوا گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ جیوتی با پھولے نے سماجی برائیوںکے خاتمے کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ اُس زمانے کے سخت حالات میں دبے کچلے طبقات کو باعزت مقام دلانے کے لیے انہوں نے تعلیم کو ہی واحد ذریعہ سمجھا اور اس کی اہمیت پر زور دیا۔ خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے اسکول قائم کرکے خصوصی محنت کی۔ تمام طبقات کو برابری کا درجہ ملے، یہی پھولے کا خواب تھا اور وہ آخری وقت تک اس مشن پر کاربند رہے۔ کلکٹر نے پسماندہ اور کمزور طبقات کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان طبقات کے مسائل کے حل کے لیے ضلع انتظامیہ ہمیشہ تیار ہے ۔ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ سماجی بائیکاٹ نافذ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کلکٹر نے واضح کیا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی (وی ڈی سی) کے نام پر سماجی بائیکاٹ نافذ کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ایسی وی ڈی سیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ بائیکاٹ سے متعلق شکایات پر دو دن کے اندر پولیس کمشنر کے ساتھ مشاورت کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ اقتصادی طور پر پسماندہ افراد کو دیے جانے والے EWS سرٹیفکیٹس کی مکمل جانچ کے بعد صرف اہل افراد کو منظوری دی جائے گی، اس سلسلے میں RDOs اور تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ بی سی اسٹڈی سرکل کی عمارت کی تعمیر سے متعلق قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدام کیا جائے گا۔ریاستی منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن چئیرمین انیل ایراوتری، اُردو اکیڈمی چئیرمین طاہر بن حمدان نے بھی پھولے کی جدوجہد کو سراہا۔اس پروگرام سے قبل ونایک نگر میں واقع مہاتما پھولے کے مجسمے پر اربن ایم ایل اے دھنپال سوریا نارائنا، کلکٹر راجیوا گاندھی ہنمنتو، اُردو اکیڈمی چئیرمین طاہر بن حمدان، بی سی سنگموں کے نمائندے اور مختلف محکموں کے عہدیداروں نے پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔اس تقریب میں ضلع لائبریری کمیٹی چئیرمین انتی یڈی راجی ریڈی، ضلع بی سی ترقیاتی آفیسر سرونتی، اسسٹنٹ آفیسر نرسیا، مختلف تنظیموں کے نمائندے گینی گنگا رام، بس آنجنیلو، نرالا سدھاکر، ماڈویڈی وینود کمار، رویندر، بنگارو سائیلو، راجیشور، بسساپور شنکر، پدی راملو، شیخ حسین ایم پی جے کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔