جماعت اسلامی کے وفد کی کمشنر پولیس سے ملاقات، احترام انسانیت مہم سے واقف کرایا
حیدرآباد ۔21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے سماجی برائیوں کے خاتمہ اور نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے کیلئے مہم میں رضاکارانہ تنظیموں اور مذہبی اداروں کے رول کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے شروع کردہ اس مہم کی سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے تائید کی جانی چاہئے تاکہ سماج کو برائیوں سے محفوظ رکھا جاسکے اور انسانی اقدار کا تحفظ ہو۔ جماعت اسلامی ہند کے ایک وفد نے کمشنر پولیس سے ملاقات کی اور 30 جنوری تک جاری رہنے والی ’’احترام انسانیت‘‘ مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ جماعت اسلامی کے ریاستی صدر محمد اظہرالدین ، حیدرآباد کے ناظم ڈاکٹر مبشر احمد کی قیادت میں وفد نے کمشنر پولیس کو سماجی برائیوں کے خاتمہ کے سلسلہ میں جامع ایکشن پلان پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اقدار کو بڑھتے خطرہ سے نمٹنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے جس میں نوجوانوں کو بطور خاص شامل کیا جارہا ہے۔ سماجی اصلاحات کے علاوہ یوتھ ان پاورمنٹ اور خصوصی ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے جس میں سماجی برائیوں کے خلاف شعور بیدار کیا جائے گا۔ سلم علاقوں میں ہیلپ کیمپس اور ماہرین کے ذریعہ نوجوانوں کی کونسلنگ کی جائے گی تاکہ وہ ذہنی تناؤ سے محفوظ رہیں۔ خصوصی ٹیموں منشیات سے متاثرہ افراد کی بازآبادکاری مراکز کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار یگانگت کرے گی۔ کمشنر پولیس نے سماجی اقدار کی بحالی اور برائیوں کے خاتمہ کیلئے سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رول کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس قانونی طور پر جرائم سے نمٹتی ہے جبکہ رضاکارانہ تنظیمیں اخلاقی طور پر دباؤ بناسکتی ہے۔ کمشنر پولیس نے احترام انسانیت مہم کی کامیابی کیلئے پولیس کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔1