سماجی دوری کے نام نسلی ، ذاتی، لسانی یا فرقہ وارانہ امتیاز ناقابل برداشت

   

منی پور کے طلبہ کی مال میں رسوائی پر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) سماجی دوری کے نام کسی بھی قسم کی نسلی، ذاتی اور لسانی اور فرقہ وارانہ امتیاز کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتائی۔ انہوں نے آج اس طرح کے ایک معاملہ میں تین افراد کی گرفتاری کی توثیق کردی اور ان کی شناخت کو جاری کردیا۔ ونستھلی پورم کے علاقہ میں اسٹار سوپر مارکٹ کے ذمہ داروں کی جانب سے منی پور سے تعلق رکھنے والے انجینئرنگ کے دو طالب علموں کے ساتھ کئے گئے امتیازی سلوک پر کمشنر پولیس نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 8 اپریل کو منی پور سے تعلق رکھنے والے دو طالب علم 24 سالہ رنگم وپیسی اور 22 سالہ تھنگائی ہاوکپ جوہلز کالونی کے ساکن ہیں اسٹار سوپر مارکٹ سے رجوع ہوئے جہاں ان کے حلیہ اور زبان اور انداز بیان کو دیکھتے ہوئے انہیں اشیائے ضروریہ دینے سے انکار کردیا گیا تھا اور انہیں رسوا کرتے ہوئے روانہ کردیا گیا۔ اس بات کی شکایت ان طلبہ نے پولیس سے کی تھی۔ واقعہ کا علم ہونے کے بعد کمشنر پولیس نے خاطیوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور اس سلسلہ میں پولیس ونستھلی پورم نے 48 سالہ شنکریادیپ جو سیکورٹی گارڈ ہیں کے علاوہ منیجر اسٹار سوپر مارکٹ 27 سالہ ڈی وینکٹ رمنا کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے ان طلبہ سے بات چیت کی اور انہیں حوصلہ دیا ۔ کمشنر نے بتایا کہ چونکہ وہ منی پور کی تہذیب سے واقفیت رکھتے ہیں۔ سال 1997 میں اپنے آئی پی ایس کے کیریئر کا انہوں نے منی پور سے ہی کیا تھا۔ اس موقع پر ایسے واقعات اور اس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے نمائندہ سیاست نے کمشنر پولیس سے بات کی ۔ اس دوران انہوں نے نمائندہ سیاست کو بتایا کہ رچہ کنڈہ پولیس مذہبی ، فرقہ واری ، لسانی، تہذیبی اور کسی بھی قسم کے نسلی امتیاز کو برداشت نہیں کرے گی اور ایسے واقعات کو رونما ہونے نہیں دے گی اور سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران سماجی دوری ضروری ہے اور اس دوری کے نام پر خرید و فروخت یا پھر کسی اور انداز سے کسی کو بھی امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ پولیس ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرے گی۔