لندن/ ٹوکیو: برطانیہ اور جاپان میںکورونا وائرس کے تناظر میں عائد پابندیوں کے باعث شہری تنہائی کا شکا ر ہونے لگ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جاپانی کابینہ کے ایک وزیر کو شہریوں میں احساسِ تنہائی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کی ذمے داری تفویض کی گئی ہے۔ وہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر میں برطانوی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق معاشرے میں تمام شہریوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے جاپانی وزیر ساکاموتو تیتسوشی اور برطانوی وزیر برائے سول سوسائٹی ڈیانا بیرن کی جون میں آن لائن بات چیت کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بات چیت کے بعد دونوں کی جانب سے مشترکہ پیغام بھی جاری ہو سکتا ہے۔ ٹوکیو حکومت کو تشویش ہے کہ عالمی وبا نے لوگوں میں تنہائی اور سب سے کٹ کر رہ جانے کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ حکومت نے ساکاموتو کا تقرر کیا ہے ، تاکہ سماجی طور پر الگ تھلگ ہو جانے کے باعچ بگڑی صورت حال میں مختلف سرکاری ایجنسیوں کی کاوشوں کو مربوط کیا جا سکے۔ دوسری جانب برطانوی حکومت نے ایسا ہی منصب 3سال قبل تشکیل دیا تھا۔ متعلقہ وزارت ہر سال جون میں آگاہی مہم چلاتی ہے ، تاکہ احساسِ تنہائی کے مسئلے کو اجاگر کیا جا سکے ، جو خاص طور سے معمر افراد کو متاثر کرتا ہے۔ جاپانی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس بات چیت سے ترقی یافتہ ممالک میں باعث تشویش بن جانے والے اس مسئلے کا کوئی نہ کوئی موثر حل نکال لیا جائے گا۔