نئی دہلی : بی جے پی لیڈر سمبت پاترا نے بھگوان جگن ناتھ کو مودی بھگت قرار دیا تھا بعد ازاں انہوں نے اسے زبان کی لغزش قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔ وہ حلقہ لوک سبھا پوری سے بی جے پی امیدوار ہیں۔ سمبت پاترا نے پیر کے دن اوڈیشہ کے ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھگوان جگن ناتھ وزیراعظم نریندر مودی کے بھگت ہیں۔ رات ایک بجے کے قریب انہوں نے سوشل میڈیا پلاٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی غلطی کے بارے میں معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں بھگوان جگن ناتھ کے تعلق سے ہونے والی اپنی غلطی سے پریشان ہوں۔ میں بھگوان کے قدموں میں سر جھکاکر معافی مانگتا ہوں۔