پٹنہ ۔8؍نومبر ( ایجنسیز ) بہار کے سمستی پور میں ایک کالج کے قریب بڑی تعداد میں پرنٹ شدہ VVPAT سلپس کے بکھرے ہوئے پائے گئے جس کی اطلاع مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو دی جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو بہار کے سمستی پور ضلع کے شیتل پٹی گاؤں میں ایس آر کالج کے قریب بڑی تعداد میں وی وی پی اے ٹی (ووٹر ویریفائی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل) کی پرچیاں برآمد ہونے کے بعد جانچ کا حکم دیا۔ ان پرچیوں کی شناخت ان پرچیوں کے طور پر کی گئی جو جمعرات کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل کرائے گئے فرضی پول کے دوران استعمال کی گئیں۔اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے سمستی پور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو جائے وقوعہ کا دورہ کرنے اور تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔ڈی ایم سمستی پور کو موقع پر جانے اور پوچھ تاچھ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی چونکہ یہ موک پول کی وی وی پی اے ٹی سلپس ہیں اس لئے پولنگ کے عمل کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے۔
ڈی ایم کے ذریعہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو بھی مطلع کیا گیا ہے۔ تاہم لاپرواہی کے لئے متعلقہ اے آر او کو معطل کیا جا رہا ہے اور ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد تصدیق کی کہ یہ پہلے پولنگ کے دن ووٹنگ سے قبل کیے گئے فرضی پول کے عمل سے تعلق رکھتے تھے۔سمستی پور کے ضلع مجسٹریٹ-کم-ضلع الیکشن آفیسرروشن کشواہا نے کہا کہ سرائیرنجن اسمبلی حلقہ میں کچھ وی وی پی اے ٹی سلپس ملنے کی اطلاع ملی ہے۔
