نمازوں کی پابندی کی تلقین، قاضی پیٹ میں جلسہ میلادالنبی ؐ، حضرت خسرو پاشاہ کا خطاب
ورنگل 30؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سرکارِ دوعالم ؐ کی یوم ولادت کے موقع پر قاضی پیٹ درگاہ شریف میں مرکزی جلسہ میلاد النبی ؐ کا انعقاد عمل میں لایاگیا جس کی صدارت مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسروپاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ نے کی۔ مولانا سید محمد بختیار بیابانی ، مولانا محمد خان، مولانا امیر اللہ خان ودیگر نے مخاطب کیا۔ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسروپاشاہ نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ حضرت محمد ؐ کی زندگی سارے انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو حضرت محمد سے محبت و عشق ہونا چاہیے اور انکی ہر سنت سے بھی پیار ہونا چاہیے۔ ہم عملی میدان میں پیچھے ہونے کی وجہ سے کئی ایک مسائل ہم کو گھیررہے ہیں۔ حضرت محمد کی ساری زندگی ہمارے لئے عملی نمونہ ہے مولانا خسروپاشاہ نے کہا کہ ہم کو نمازوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ درودشریف کا ورد بھی کرتے رہنا چاہیے۔درود سلام کے ذریعہ حضرت نبی کریم ؐ کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات ہمارے لئے آزمائشی ہیں ہم نے صراط المستقیم کا راستہ چھوڑدیا ہے اس لئے دربدر ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ آج میلاد النبی کے موقع پر ہم سب یہ عہد کریں کہ نبیؐ کی ہر سنت پر عمل کریں گے اور نمازوں کو قائم کریں گے یتیموں کے ساتھ حسن سلوک کریں گے۔ درگاہ شریف میں آثار مبارک کی زیارت کروائی گئی۔ شام پانچ بجے مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسروپاشاہ اور داسیم وجئے بھاسکر نے میلاد جلوس کی بائک ریالی کو ہری جھنڈی دیکھائی۔ یہ طویل بائک ریالی شہر کے مختلف مقامات پر گشت کرتے ہوئے نعرے تکبیر کے نعرہ لگاتے ہوئے دعائیہ اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔ یہ بائک ریالی متاثر کن تھی پولیس کا معقول بندوست تھا۔