سنجے راؤت کا شیوسینا۔ایم این ایس تنازعہ پر تبصرہ سے انکار

   

ممبئی ، 22 فروری (یو این آئی) راجیہ سبھا کے رکن سنجے راؤت نے شیو سینا (ٹھاکرے ) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کے درمیان نامزد کارپوریٹر کے عہدے کے تعلق سے پیدا ہوئی کشیدگی پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ممبئی میں پُرسکون زندگی گزارنا چاہتے ہیں انہیں میونسپل سیاست سے دور رہنا چاہیے ۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اطلاع سامنے آئی کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں شیو سینا (ٹھاکرے ) کو ملنے والی تین نامزد نشستوں میں سے ایک نشست ایم این ایس نے مانگی تھی، تاہم ٹھاکرے قیادت نے اپنی ہی جماعت کے نام آگے بھیج دیے جس پر ایم این ایس رہنماؤں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سخت ردِعمل دیا۔ ادھر ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ اس پیش رفت سے ٹھاکرے دھڑے میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ راج ٹھاکرے نے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن میں شندے کی قیادت والی شیو سینا کو حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ ان حالات کے درمیان سنجے راؤت نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ میونسپل سطح کی سیاست سے دور رہے ہیں اور ان کا کام اس سے مختلف ہے ، اس لیے وہ ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے ۔