سنجے راؤت کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی

   

ممبئی: شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت کو یہ دھمکی فون پر پیغام بھیج کر دی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انہیں لارنس بشنوئی کے نام سے دھمکی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں سنجے راؤت سے کہا گیا ہے کہ ان کا پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کی طرح قتل کر دیا جائے گا! میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت نے فون پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں دھمکی دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دھمکی میں کہا گیا ’’تو دہلی میں ملا تو تجھے اے کے 47 سے اڑا دوں گا۔ لارنس کی طرف سے پیغام ہے، سلمان اور تو فکس، تیار کر کے رکھنا۔‘‘سنجے راؤت نے کہا کہ انہوں نے رات میں ہی ممبئی پولیس کو دھمکی ملنے کی اطلاع دے دی تھی۔