اسلام آباد۔ 18 مئی (ایجنسیز) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ خلاف ورزی کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ’سندھ طاس معاہدہ کے تحت ملنے والا پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔‘اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس سے سنیچر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت کی۔سرکاری خبر رساں ایجنسی “اے پی پی” کے مطابق وزیر اعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایران کی مخلصانہ اور برادرانہ سفارتی کوششوں پر صدر پیزشکیان کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی صدر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ میں یکطرفہ افراط وتفریط کو اسلام آباد غیر قانونی اور پاکستان کے لیے ’سرخ لکیر‘ سمجھتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے بالخصوص ایرانی صدر کے گذشتہ ماہ وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطے اور بحران کے دوران وزیر خارجہ عباس عراقچی کو خطے میں بھیجنے پر شکریہ ادا کیا۔