جکارتہ، 22 جنوری (آئی اے این ایس) سابق عالمی چمپئن پی وی سندھُو اور پیرس اولمپکس کے سیمی فائنلسٹ لکشیا سین نے جمعرات کو یہاں انڈونیشیا ماسٹرزکے اپنے اپنے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے آسانی سے جیت کر کوارٹر فائنلز میں جگہ بنا لی۔ سندھْو نے پری کوارٹر فائنل میں ڈنمارک کی لائن کیئر فیلڈٹ کو 43 منٹ میں 21۔19، 21۔18 سے شکست دی، جبکہ لکشیا سین نے ہانگ کانگ کے جیسن گن وان کو آدھے گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت پر محیط مقابلے میں 21۔10، 21۔11 سے شکست دی۔ یہ لائن کیئر فیلڈٹ کے خلاف سندھْو کی سات مقابلوں میں چھٹی کامیابی تھی، جبکہ واحد شکست انہیں گزشتہ سال کے سودرمن کپ میں ہوئی تھی۔ سندھْو اب اگلے مقابلے میں ٹورنمنٹ کی ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر چار چین یو فیئی (چین) کا سامنا کریں گی۔ دونوں کھلاڑی اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں مجموعی ریکارڈ میں چینی کھلاڑی کو معمولی برتری حاصل ہے، جنہوں نے سات مقابلے جیتے جبکہ سندھْو نے چھ میں کامیابی حاصل کی۔ قبل ازیں دو مرتبہ کی اولمپک میڈل یافتہ اورہندوستان کی اعلیٰ درجہ والی خواتین سنگلزکھلاڑی (عالمی نمبر 13) سندھْو نے جاپان کی عالمی نمبر 35 مانامی سوئزوکو 53 منٹ میں 22۔20، 21۔18 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب، لکشیا سین نے افتتاحی راؤنڈ میں چائنیز تائپے کے عالمی نمبر 23 وانگ تزْو وے کو 21۔13، 16۔21، 21۔14 سے شکست دی تھی۔ لکشیا اب اگلے مرحلے میں تھائی لینڈ کے پانچافون تیراراتساکْل سے مقابلہ کریں گے، جنہوں نے کوارٹر فائنل میں 2024 پیرس اولمپکس کے لی زی جیا کو 15۔21، 21۔17، 21۔8 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ سابق عالمی نمبر ایک کڈمبی سری کانت، جنہوں نے جاپان کے کوکی واتانابے کو 21۔15، 21۔23، 24۔22 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی تھی، دن کے اختتام پر تائپے کے چو ٹین چن کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ علاوہ ازیں انمول کھرب خواتین سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں جاپان کی نوزومی اوکوہاراکا سامنا کریں گی۔ عالمی چمپئن شپ کے برونز میڈلسٹایچ ایس پرنئے اور ابھرتی ہوئی اسٹار تانوی شرما اپنے اپنے پہلے راؤنڈ کے مقابلے ہارکر بی ڈبلیو ایف سوپر ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے۔ کرن جارج بھی مردوں کے سنگلز کے افتتاحی مقابلے میں انڈونیشیا کے محمد ذکی عبیداللہ کے خلاف 21۔17، 21۔14 سے شکست کھاگئے۔ ہندوستان کی مکسڈ ڈبلز جوڑیاں دھرو کپیلا/تنیشا کرستو اور روہن کپور/رتھویکا شیوانی گڈے بھی اپنے ابتدائی مقابلے ہارگئیں۔