حیدرآباد 13جنوری (یواین آئی) سنکرانتی تہوار کے موقع پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گوشت کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ تہوار کی مانگ اور پیداوار میں کمی کی وجہ سے چکن اور مٹن کی قیمتوں میں اچانک100 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ چکن 230 سے240 روپے کیلو دستیاب تھا، اب اس کی قیمت330 سے340 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ حیدرآباد، وجے واڑہ اور ورنگل جیسے شہروں میں بغیر کھال والے (اسکن لیس) چکن کی قیمت 340 روپے فی کیلو ہوگئی ہے۔ مٹن کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے جہاں ہڈی والا مٹن1050 روپئے اور بغیر ہڈی والا مٹن 1250 روپے فی کیلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ عام دنوں میں یہ800 روپئے فی کیلو دستیاب ہوتا تھا۔ سب سے زیادہ اضافہ دیسی مرغ کی قیمتوں میں دیکھا گیا ہے جو دیہاتوں میں 2500 روپئے تک فروخت ہورہا ہے۔ قیمتوں میں بھاری اضافہ کے باوجود گوشت خوروں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور تہوار کی مناسبت سے دوکانوں پر بھاری ہجوم دیکھا جا رہا ہے ۔