دو گھنٹے میں ڈھائی انچ بارش ریکارڈ، سنگور پراجکٹ میں 25 ٹی ایم سی پانی جمع، تالاب کنٹے لبریز
سنگاریڈی 4 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی میں 3ستمبر کی شب شدید بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے دوکانات میں پانی داخل ہوگیا اور لاکھوں روپیہ کا نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سنگاریڈی میں 3 ستمبر کی شب 10 بجے سے بارش شروع ہوئی اور شب ایک بجے تک موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ تین گھنٹہ میں 66 ملی میٹریعنی 2.58 انچ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ شدید بارش کے باعث رائتو بازار کے روبرو واقع دوکانات میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے دوکانداروں کو لاکھوں روپیہ کا نقصان ہوا ہے۔ رائتو بازار کے روبرو واقع دیپک لائٹ ہاوز، باٹا شوروم، ھدا موبائلس، بھارت موبائلس، ایس اے این موبائلس، فتح موبائلس، پرنس موبائلس، ایم ایف موبائلس، ایم ایس ریڈئم اور جی ایم خان موبائلس دوکانات میں تین تا چار فٹ پانی جمع ہوگیا۔ سہ پہر تین بجے تک بھی دوکانات میں سے پانی کی نکاسی جاری تھی۔ ایم جی اکرم دیپک لائٹ ہاوز نے کہا کہ سڑک پر واقع بلدیہ کی قدیم ڈرین ہے جو بوسیدہ ہوچکی ہے اور اس کی برسہا برس سے صفائی بھی نھیں کی گئی جس کی وجہ سے شدید بارش کے وقت پانی ڈرین سے اوور فلو ہو کر دوکانات میں داخل ہوجاتا ہے۔ سال 2020 میں بھی دوکانات میں پانی داخل ہوا تھا اور دوکانداروں کو مالی نقصان ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پانی دوکان میں داخل ہونے سے جینریٹر، ساونڈ باکس، ڈی جے ساونڈ سسٹم، لائٹس اور دیگر ساز و سامان پانی میں ڈوب جانے سے تقریبا” 5 لاکھ روپیہ کا مالی نقصان ہوا ہے۔ محمد اشرف باٹا شورم نے کہا کہ ان کی دوکان میں چار فٹ پانی جمع ہوگیا اور تقریبا” تین لاکھ روپیہ کا نقصان ہوا ہے۔ سال 2020 میں بھی دوکان میں پانی داخل ہوا تھا لیکن حکومت کی جانب سے کوئی مالی امداد نہیں دی گئی۔ انھوں نے ضلع کلکٹر سے خواہش کی کہ کم از کم اس مرتبہ حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جائے۔ موبائل اور دیگر دوکانات میں بھی تین تا چار فٹ پانی جمع ہوجانے سے انہیں بھی زبردست نقصان ہوا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق 3 ستمبر کی شب سے 4 ستمبر کی صبح تک جھرہ سنگم، کندی اور رائکوڑ میں 52 ملی میٹر سے زائد، نیالکل، سداسیو پیٹ ،پالکل ، امین پور اور جنارم میں 40 ملی میٹر سے زائد کنڈہ پور اور من پلی میں 30 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع سنگاریڈی میں گذشتہ پانچ دنوں سے ہورہی مسلسل بارش کی وجہ ضلع کے تالاب و کنٹوں میں پانی جمع ہوا ہے۔ سنگاریڈی کا محبوب ساگر اور مانجیرا ڈیم بھی لبریز ہوگیا۔ جبکہ سنگور پراجکٹ میں 9 ٹی ایم سی پانی ابھی تک آیا ہے۔ سنگور پراجکٹ کی مکمل گنجائش آب 29.5 ٹی ایم سی ہے ایک ہفتہ پہلے سنگور پراجکٹ میں 16 ٹی ایم سی پانی تھا جبکہ آج شام تک 25 ٹی ایم سی پانی جمع ہوگیا ہے۔ سنگور پراجکٹ میں 40 ہزار کیوزکس پانی کا انفلوہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق مزید دو دن اسی طرح بارش ہو تو سنگور پراجکٹ لبریز ہوجائے گا۔ دریاے مانجیرا میں اوپری حصہ یعنی مہاراشٹرا اور کرناٹک سے پانی کا انفلو نھیں ہے اور ضلع سنگاریڈی میں واقع سنگور کے آبگیر علاقوں بارش کی وجہ سے ہی سنگور پراجکٹ میں پانی جمع ہو رہا ہے۔