سنگا ریڈی کو پانی کی سربراہی کیلئے دھرنا منظم کرنے کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

پٹن چیرو تک سربراہی ، سنگاریڈی محروم ، جگا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ ہریش راؤ نے وزیر آبپاشی کی حیثیت سے اعلان کیا تھا کہ کالیشورم کا پانی سنگا ریڈی کے محبوب ساگر ذخیرہ آب کو منتقل کیا جائے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ سے سنگاریڈی کو پانی کی سربراہی پر توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کالیشورم کا پانی سنگور کے ذریعہ پٹن چیرو تک سربراہ کیا جارہا ہے ، اسے سنگا ریڈی تک توسیع دینے میں کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔ پٹن چیرو کالیشورم سے 300 کیلو میٹر کی دوری پر ہے جبکہ وہاں سے سنگا ریڈی صرف 25 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے لیکن حکومت پٹن چیرو سے سنگا ریڈی تک پائپ لائین کی توسیع کے لئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سنگا ریڈی کو گوداوری کا پانی سربراہ کرنے کے سلسلہ میں جاریہ ماہ کے اواخر تک اعلان کرے ۔ بصورت دیگر 10 اگست کو سنگا ریڈی کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں ایک لاکھ افراد کے ساتھ دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم سربراہی سے سنگا ریڈی کے عوام کئی ایک مسائل کا شکار ہیں۔ سابق میں حکومتوں نے اس مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا تھا لیکن کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس مسئلہ پر توجہ دیں گے اور عنقریب پانی کی سربراہی کا اعلان کیا جائے گا ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی میں پی جی سنٹر کی برقراری کے مسئلہ پر کے سی آر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ، اسی طرح وہ امید کرتے ہیں کہ پانی کی سربراہی جیسے اہم مسئلہ پر توجہ دیں گے ۔