مراعات پر ٹیکس سے استثنیٰ، بونس کے طور پر 802 کروڑ کی ادائیگی : بھٹی وکرامارکا
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حکومت نے سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے ورکرس کو عہدیداروں کی طرح مراعات فراہم کرے گی جس کے تحت الاؤنسیس اور دیگر سہولتوں پر ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا جو محکمہ فینانس کے قلمدان کے انچارج ہیں، اُنھوں نے سنگارینی ملازمین کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگارینی ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی عنقریب یکسوئی کردی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈیکل بورڈ کے ذریعہ ملازمین کے عوارض کا تعین کرتے ہوئے ہرممکن مدد دی جائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق اراضی امکنہ فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگارینی ملازمین کی بھلائی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ حکومت نے تمام ملازمین اور ورکرس کے لئے 1.25 کروڑ کے حادثاتی انشورنس کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کنٹراکٹ ملازمین کو 40 لاکھ کا حادثاتی انشورنس رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ورکرس کے ڈیوٹی پر دیہانت کی صورت میں اُن کے کسی قریبی رشتہ دار کو ملازمت کی فراہمی کے لئے عمر کی حد کو 35 سے بڑھاکر 40 سال کیا گیا ہے۔ کانگریس حکومت نے گزشتہ 2 برسوں میں سنگارینی کالریز کے تحت 2539 جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں جن میں 798 خارجی پوسٹ ہیں جبکہ 1741 تقررات رحم دلی کی بنیاد پر فوت ہونے والے ملازمین کے قریبی رشتہ داروں کو دیئے گئے۔ سنگارینی کالریز کو مالیاتی سال 2024-25ء کے دوران 6394 کروڑ کا منافع ہوا اور منافع کی 34 فیصد رقم یعنی 802 کروڑ ملازمین میں بطور بونس تقسیم کی گئی۔ آؤٹ سورسنگ ملازمین کو فی کس 5500 روپئے ادا کئے گئے۔1