کانگریس رکن پارلیمنٹ ومشی کرشنا کے سوال پر لوک سبھا میں جواب
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی کشن ریڈی نے لوک سبھا میں وضاحت کی کہ سنگارینی کالریز کو خانگیانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پدا پلی ومشی کرشنا کی جانب سے اس مسئلہ کو پیش کئے جانے پر یہ وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پاس سنگارینی کالریز کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے خانگیانے کی مخالفت کرتے ہوئے مرکز سے وضاحت طلب کی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ملک میں کسی بھی کوئلے کی کان کو خانگیانے کی تجویز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کان کو خانگیانہ ہو تو اس میں 51 فیصد حصہ داری رکھنے والی ریاستوں کا فیصلہ اہمیت کا حامل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خانگیانے کا معاملہ ریاستی حکومتوں کے ہاتھ میں ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اوڈیشہ حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے سنگارینی کالریز کو ایک کوئلے کی کان الاٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سنگارینی کالریز کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ رکن پارلیمنٹ جی ومشی کرشنا نے کہا کہ مختلف گوشوں میں یہ اطلاعات گشت کررہی ہے کہ مرکزی حکومت سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے اس طرح کی کسی بھی تجویزکی مخالفت کی۔1