ہائی بلڈ پریشر کے سبب جلال الدین کو دوا لینے پر مجبور کیا گیا
ظہیرآباد۔ ظہیرآباد بلدی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی سنگاریڈی ضلع سکریٹری سید جلال الدین کی گزشتہ دو دنوں سے ظہیرآباد کے بھارت نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر جاری بھوک ہڑتال کو کل رات، ٹاؤن پولیس نے جبراً ختم کروا دیا اور انہیں سرکاری ایریا ہاسپٹل میں شریک کوادیا۔ جہاں ان کے صحت سے متعلق کئی ٹسٹ کئے گئے اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے انہیں دوا لینے پر مجبور کیا گیا۔ اس موقع پر قومی سکریٹری سی پی آئی کے نارائنا نے ظہیرآباد پہنچ کر ضلعی جنرل سکریٹری سید جلال الدین کی عیادت کی۔ بعد ازاں قومی سکریٹری کے نارائنا نے بلدی انتخابات کے بارے میں بتایا کہ حکومت انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے لیکن الیکشن کمیشن کو ابھی اعلان کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی الیکشن کمشنر سے بات کریں گے اور فوری طور پر انتخابات کرانے کے لئے نمائندگی کریں۔ تاہم حکومت کو چاہئے کہ وہ نئی حلقہ بندی اور حلقہ وار حد بندی کی تفصیلات کے ساتھ تجاویز الیکشن کمیشن کو روانہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ظہیرآباد میں بلدی انتخابات کرانے میں بالکلیہ طور پر ناکام رہی ہے۔ سکریٹری کے نارائنا نے یہ بھی کہا کہ ریاستی وزیر کے ٹی آر کے دورہ کے موقع پر کل کسانوں پر لاٹھی چارج کرنا حکومت کے لئے شرمناک بات ہے اور حکومت کو فوری طور پر کسانوں سے بات چیت کرکے انہیں 50 لاکھ روپے فی ایکڑ معاوضہ دینا چاہئے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اگنی پتھ اسکیم پر احتجاج میں جان گنوانے والے نوجوان کو ایک کروڑ روپے ایکس گریشیا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔