سنگاریڈی میونسپلٹی میں 31.70 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

   

ٹی جی آئی آئی سی چیئرپرسن نرملا جگا ریڈی نے 13 وارڈس میں سنگ بنیاد

سنگاریڈی 21 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سنگاریڈی میونسپلٹی میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے 31.70 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔ ٹی جی آئی آئی سی چیئرپرسن محترمہ نرملا جگا ریڈی نے میونسپل حدود کے 13 وارڈس میں مقامی عوامی نمائندوں اور قائدین کے ہمراہ ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔ان ترقیاتی منصوبوں کو ایچ ایم ڈی اے اور یو آئی ڈی ایف فنڈس کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جن میں مختلف وارڈس میں سی سی سڑکوں اور نکاسی آب کے لیے ڈرینوں کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ عوامی تفریح اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے 3 کروڑ روپے کی لاگت سے راجیو پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اسی طرح شہری آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے 2 کروڑ روپے کی لاگت سے راجمپیٹ سے عیدگاہ تک فلٹر بیڈ روڈ کی تعمیر کے کاموں کا بھی آغاز کیا گیا۔ ان منصوبوں سے مقامی عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم ہوں گی اور شہر کی مجموعی ترقی کو رفتار ملے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نرملا جگا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت شہری ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور سنگاریڈی کو ایک منظم، صاف ستھرا اور جدید شہر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔اس پروگرام میں ٹی پی سی سی جنرل سیکرٹری توپاجی اننت کشن، کانگریس کے سینئر قائدین بونگولا روی، اشوک ریڈی، کونا سنتوش، حافظ شیخ شفیع ، قطب الدین ، اظہر مالک ،کرن گاؤڈ، مہیش، شری کانت گاؤڈ، متعلقہ وارڈس کے قائدین اور بڑی تعداد میں مقامی عوام نے شرکت کی۔