سنگاریڈی میں عرس عرفانی، کل ہند مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

   

ڈاکٹر نواز دیوبندی ، عزم شاکری اور دیگر کے کلام کی زبردست پذیرائی، عرفانی ایوارڈس کی پیشکشی

سنگاریڈی 23 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت الحاج حکیم احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی ؒکی دو روزہ عرس شریف تقاریب 22 اور 23 اکٹوبر کو احاطہ بارگاہ عرفانیؒ چاوش باغ سنگاریڈی میں حضرت حکیم عمر بن احمد فیض علی شاہ چشتی بندہ نوازی عرفانی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی کی راست نگرانی و سرپرستی میں منعقد ہوئیں۔ 22 اکٹوبر کو بعد نماز عصر جامع مسجد سنگاریڈی سے جلوس صندل برآمد ہوا جو بعد مغرب درگاہ شریف پہنچا۔ صندل مالی کے بعد طعام عام کا نظم تھا۔ شب 9.30 بجے حضرت الحاج حکیم عمر بن احمد فیض علی شاہ چشتی بندہ نوازی عرفانی کی زیر صدارت عرفانی کل ہند مشاعرہ منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر نواز دیو بندی، عزم شاکری، واحد انصاری، ارشاد انجم، شیخ احمد ضیاء ، شکیل ظہیرآبادی، ڈاکٹر رضی شطاری، سعد اللہ لان سبیل، فیاض علی سکندر اور صابر بسمت نگری نے اپنا کلام پیش کیا۔ ڈاکٹر نواز دیو بندی، عزم شاکری، واحد انصاری اور شیخ احمد ضیاء کو سامعین نے کافی پسند کیا اور خوب داد و تحسین سے نوازا۔ ارشاد انجم نے بحسن خوبی نظامت کے فرائض انجام دئے۔ صبح 4 بجے کامیاب عرفانی کل ہند مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔ عرس عرفانی کے موقع پر خانقاہ عرفانی و عرفانی عرس کمیٹی کی جانب سے کل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آتا ہے اور مختلف شعبہ حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی مسلم شخصیات کی ہمت افزائی اور پذیرائی کے لیے عرفانی ایوراڈس دئے جاتے ہیں۔ کل ہند مشاعرہ کے آغاز سے قبل عرفانی ایوارڈس دئے گئے۔ اس مرتبہ عرفانی ایوراڈ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد کو شعبہ درس و تدریس میں بہترین خدمات پر ایکسیلنس ان ایکڈمکس ایوارڈ پیش کیا گیا۔ جناب عبدالفرقان مینجنگ ڈائرکٹر شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس سنگاریڈی کو ضلع میں مسلم انتظامیہ معیاری اسکولس و جونیر کالجس قائم کرنے اور اس ادارہ کے بہترین نتائج پر انھیں عرفانی ایوارڈ دیا گیا۔ جناب محمد غوث معین الدین ریاستی صدر ہاسٹل ویلفئر آفیسرس اسو سی ایشن اور اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری ٹی این جی اوز سنٹرل یونین منتخب ہونے پر عرفانی ایوارڈ دیا گیا. جناب محمد صدیق ایڈیٹر این وی نیوز سنگاریڈی کو صحافت میں ان کی دیرینہ اور حرکیاتی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوے انھیں عرفانی بیسٹ جرنلسٹ ایوارڈ دیا گیا۔ محمد صدیق این وی نیوز چیانل کے ایڈیٹر ہیں اور انھوں نے تلگو روزنامہ و ماہنامہ بھی شائع کیا۔ جبکہ محمد سہیل سینئر ڈائرکٹر فارچون اسٹیٹ کو بھی شال پوشی و گل پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ حضرت الحاج حکیم عمر بن احمد فیض علی شاہ چشتی بندہ نوازی عرفانی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی رح نے مہمان شعراء اکرام اور دیگر مہمانان کے ہمراہ عرفانی ایوارڈس پیش کئے۔