سنگاریڈی میں ماہ رمضان میں دکانات رات دیر گئے تک کھلی رکھنے کی اجازت

   

محکمہ بلدیہ اور برقی کو خصوصی انتظامات کی ہدایت۔ جائزہ اجلاس سے ڈسٹرکٹ کلکٹر و ایس پی کا خطاب

سنگاریڈی۔ 24 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر اے شرتھ آئی اے ایس کلکٹر ضلع سنگاریڈی نے کلکٹریٹ سنگاریڈی میں مسٹر رمنا کمار ایس پی ضلع سنگاریڈی کے ہمراہ ماہ رمضان المبارک میں مسلم طبقہ کو بلدی اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں محکمہ ریونیو’ پولیس، پنچایت راج، صحت، برقی، دیہی ترقیات، اقلیتی بہبود اور وقف عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈاکٹر اے شرتھ کلکٹر نے مخاطب کرتے ہوئے ضلع سنگاریڈی کے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ماہ رمضان کا اہتمام خوشی ‘ محبت اور بھائی چارگی کے ساتھ ہوگا۔ انھوں نے بلدیہ کمشنر کو ہدایت دی کہ ماہ رمضان کے پیش نظر بلدیہ کی جانب سے سربراہی آب’ اسٹریٹ لائٹس، صاف صفائی ،کچرے کی نکاسی اور موریوں کی صفاء پر خصوصی توجہ دیں۔ گھروں کو پانی کی سربراہی کے اوقات میں اضافہ کرنے اور جہاں پر بھی پانی کی قلت ہو وہاں پر واٹر ٹینکر کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے ‘ جن مساجد میں بور ویل نہیں وہاں پر بھی واٹر ٹینکر سے پانی سربراہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کو فوری درست کیا جاے۔ آوارہ کتوں کے مسلہ کو بھی بلدیہ کی جانب سے حل کیا جائے۔ ماہ رمضان المبارک میں صاف صفاء اور پانی کی سربراہی کے موثر انتظامات کے لیے بلدیہ کے خصوصی اسکواڈ تشکیل دینے اور دفتر مئناریٹیز ویلفئر آفیسر سنگاریڈی میں کنٹرول قائم کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ برقی عہدیداروں سے کہا کہ رمضان کے مہینے میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقنی بنائیں۔ لو وولٹیج اور شٹ ڈان کے سدباب کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ لوڈ کے حساب سے برقی ٹرانسفارمر نصب کرنے اور اگر برقی سربراہی سے متعلق شکایت موصول ہو تو فوری اس کا ازالہ کیا جاے۔ ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر سے کہا کہ گیاس سلنڈر، راشن دکان سے غذاء اجناس کی بروقت سربراہی کو یقنی بنائیں۔ مسٹر رمنا کمار ایس پی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی برقراری کے لیے پولیس چوکسی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھائی چارہ کی برقراری عوام کی ذمہ داری ہے۔ افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہئے اور کوئی شکایت ہو تو متعلقہ عہدیداروں سے رجوع کرنا چاہئے۔ انھوں نے ماہ رمضان المبارک میں دکانات اور ہوٹلس کو رات دیر گئے ایک بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دینے سے اتفاق کیا۔ ایس پی نے کہا کہ چھوٹے تاجرین کو سڑک کے کنارے تجارت کرنے کی اجازت ہے تاہم اس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پیدا نہ ہو۔ اجلاس میں شیخ رشید سینئر بی آر ایس قائد نے کہا کہ تلنگانہ فرقہ واری ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کا علم بردار ہے۔ جناب محمد یعقوب علی کونسلر نے کہا کہ رمضان میں صفائی کے بہتر انتظامت کے لیے بلدیہ کا اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔ جناب محمد سہیل علی کونسلر نے کہا کہ موسم گرما شروع ہوچکا ہے اس میں برقی سربراہی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں چنانچہ برقی عہدیدار چوکس رہیں اور بالخصوص سحر و افطار کے وقت کسی بھی محلہ میں برقی سربراہی میں خلل پیدا نہ ہو اس کا خاص خیال رکھیں۔ محمد لیاقت علی نے کہا کہ ضلع کلکٹر نے ریونیو’ بلدیہ اور برقی عہدیداروں کو بہترین ہدایت دی ہے اب اس پر عمل بھی ہونا چاہئے۔ جناب محمد خواجہ صدر مرکزی میلاد کمیٹی نے کہا کہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرتھ سابق میں ضلع جوائنٹ کلکٹر کی حیثیت بھی خدمات انجام دی اور اس وقت انھوں نے عید گاہ سنگاریڈی کے لیے بور ویل اور وضوء خانہ منظور کیا تھا۔ سنگاریڈی میں 40 مساجد ہیں اور طاق راتوں میں بلدیہ، برقی اور پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ جناب محمد اکبر حسین صدر عید گاہ کمیٹی سداسیو پیٹ نے کہا کہ سداسیو پیٹ ٹاون میں برقی سربراہی کے مسئلہ پر خصوصی توجہ درکار ہے۔ اس موقع پر مولانا سید ذاکر حسین، جناب محمد جاوید علی، جناب محمد غوث خلیل، جناب نظیر بیگ، جناب رافع التمش، جناب محمد عثمان، جناب عبدالصمد’ جناب معین الدین وقف انسپکٹر اور دیگر اقلیتی قائدین موجود تھے۔