کورونا وائرس سے بچنے کے لیے لاک ڈائون کی پابندی کی جائے، عوام سے جگاریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔ 10 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے سنگاریڈی اسمبلی حلقے کے مختلف مواضعات میں سربراہی آب اور دیگر سہولتوں کے لیے 50 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں۔ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں انہوں نے مواضعات میں صحت و صفائی انتظامات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ لہٰذا ایم ایل اے تریاقی فنڈ سے وہ 50 لاکھ روپئے مختص کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صحت و صفائی پر توجہ دی جانی چاہئے۔ موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی سنگاریڈی کے مواضعات میں پانی کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔ جگاریڈی نے ہر گائوں میں بلیچنگ پائوڈر اور کیمیائی ادویات کے چھڑکائو کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لہٰذا عہدیداروں کو وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے شعور بیداری کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ تک گائوں میں پانی کی قلت کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے۔ ضرورت پڑنے پر ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے۔ جگاریڈی نے کہا کہ مزید فنڈس کی ضرورت پڑنے پر وہ صنعتی اداروں سے عطیات حاصل کرتے ہوئے مواضعات پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں حکومت اور حکام سے تعاون کریں۔ لاک ڈائون کی تمام شرائط کی پابندی کی جائے۔ عہدیداروں نے تیقن دیا کہ وہ پانی کی قلت اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
