سنگاپور میں ہلاک ہندوستانی ورکر کی نعش کی ہندوستان منتقلی

   

سنگاپور ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 28 سالہ ہندوستانی تعمیراتی ورکر جو پیر کے روز کرین گرنے کے حادثہ میں ہلاک ہوگیا تھا، اس کی نعش ہندوستان کی ریاست تاملناڈو لائی جائے گی جہاں اس کی غمزدہ بیوی اور والدین نعش کے حصول کے منتظر ہیں۔ حادثہ کے بعد رقم جمع کرنے کی ایک آن لائن مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کی مدت 14 نومبر تک مقرر کی گئی ہے اور اس طرح چہارشنبہ کی شب تک ہندوستانی متوفی ورکر ویلمروگن متھیان کے ارکان خاندان کیلئے 57000 سنگاپور ڈالرس جمع ہوگئے۔ متھیان کے ارکان خاندان میں اس کے والدین اور چھوٹے بھائی کے علاوہ اس کی بیوی (جو اس وقت پہلی بار حاملہ ہے) شامل ہیں۔ متھیان گذشتہ پانچ سال سے سنگاپور میں برسرکار تھا اور تملناڈو میں شادی کے بعد حال ہی میں سنگاپور واپس آیا تھا۔ متھیان کا ایک کزن بھی یہیں کام کرتا ہے اور وہ اس کی نعش کے ساتھ سنگاپور سے ہندوستان آئے گا۔ سنگاپور میں تارکین وطن ورکرس کی امداد کیلئے کام کرنے والی این جی او Its Rainiug Raincoats کی بانی دیپاسوامی ناتھن نے یہ بات بتائی۔