ملک سے غداری کے مقدمات پرنظرِ ثانی پر زور، کمشنر پولیس نظام آباد سے مسلم وفد کی نمائندگی
نظام آباد :پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان پر ملک سے غداری کے مقدمات درج کئے جانے کیخلاف جمعہ کے دن حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء ضلع نظام آباد کی قیادت میں ایک مسلم وفد نے کمشنر آف پولیس ناگاراجو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے معمولی سرگرمیوں کو انتہائی سنسنی خیز بنائے جانے اور محکمہ پولیس کی جانب سے سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے سے مسلم فرقہ کی نیک نامی متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کرنے پر کمشنر پولیس ناگاراجو نے کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان کو باربار تاکید کی جارہی تھی کہ ایسی سرگرمیوں سے باز آجائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ PFI کے سرگرمیوں کی بناء پر ہی سنگین دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے جس پر حافظ محمد لئیق خان نے کمشنر پولیس سے سوال کیا کہ PFI کے ارکان آخر کونسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جس پر کمشنر آف پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن سرگرمیوں کے سلسلہ میں ذہن سازی کرنے کے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں ۔ حافظ محمد لئیق خان نے سوال کیا کہ کیا پی ایف آئی پر امتناع عائد کیا گیا ہے جس پر کمشنر آف پولیس نے نفی میں جواب دیا تاہم تشویش کا اظہار کیا کہ پی ایف آئی کے ارکان ملک دشمن سرگرمیوں کے سلسلہ میں نوجوان طبقہ کی ذہن سازی میں ملوث ہورہے ہیں ۔ ایم اے عزیز ریاستی صدر ایم پی جے نے کمشنر آف پولیس سے کہا کہ قومی اور تلگو میڈیا میں پی ایف آئی کی سرگرمیوں کو دہشت گردی سے من مانی طور پر جوڑا جارہا ہے جس پر کمشنر آف پولیس نے تلگو میڈیا کی اس کوشش کی مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تلگو میڈیامیں مذمتی بیان جاری کیا جائیگا۔ مولانا کریم الدین کمال نے کمشنر آف پولیس سے کہا کہ ضلع نظام آباد ہمیشہ پرُ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مشہور مانا جاتا ہے لیکن معمولی سرگرمیوں کو تلگو میڈیا میں دہشت گردی سے جوڑے جانے کی وجہ سے ہندو مسلم طبقات میں فاصلہ بڑھتا جارہا ہے اس پر روک لگائی جائے ۔ سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے کمشنر آف پولیس سے کہا کہ ملک کی عدالت عالیہ سپریم کورٹ نے ملک سے غداری کی دفعات پر امتناع عائد کیا ہے اس کے باوجود پولیس نے ان دفعات کے تحت پی ایف آئی کے ارکان کو گرفتار کیا جس پر کمشنر آف پولیس نے تیقن دیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کا جائزہ لیتے ہوئے چارج شیٹ میں ان دفعات سے دستبرداری اختیار کی جائے گی ۔ سمیر احمد قائد ٹی آرایس پارٹی نے کہا کہ تلگو میڈیا میں سنگین دفعات اور دہشت گردی سے جوڑے جانے سے بی جے پی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے انہوں نے مزید نوجوانوں کی گرفتاری کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا جس پر کمشنر آف پولیس نے کہا کہ پی ایف آئی میں سرگرم ہونے والے نوجوانوں کی کونسلنگ کی جائے گی 200 نوجوان پی ایف آئی سے وابستہ ہونے سے متعلق پوچھے جانے پر کمشنر آف پولیس نے کہا کہ ان نوجوانوں کا ضلع نظام آباد سے تعلق نہیں ہے ۔ صدر اُردو پریس کلب نظام آباد محمد خالد خان نے ملک سے غداری کے مقدمات پر نظر ثانی پر زور دیا ۔ اس موقع پر مولانا حیدر قاسمی ، شیخ حسین ، مولانا غلام رسول قاسمی ضلع جنرل سکریٹری جمعیت العلماء نظام آباد، مرزا عظمت اللہ بیگ سعید شرعیہ بورڈ کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ حافظ محمد لئیق خان کی صدارت میں مسلم وفد کی ملاقات کے دوران کمشنر آف پولیس مسٹر ناگاراجو نے پی ایف آئی کے ارکان کی گرفتاری کے مسئلہ پر تلگو میڈیا کی جانب سے مسلم طبقہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم طبقہ نے ہمیشہ ہندو مسلم یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں رول ادا کیا ہے ایک مخصوص تنظیم کی سرگرمیوں کو مسلم طبقہ سے نہیں جوڑا جاسکتا انہوں نے اس سلسلہ میں تلگو میڈیا کو تاکید کی بھی بات کہی۔