درخواست نظرثانی اور 5 ایکڑ اراضی قبول کرنے پر غور متوقع
لکھنو ۔ 25 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) سنی سنٹرل وقف بورڈ کا منگل 26 نومبر کو اجلاس ہوگا جس میں ایودھیا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر غور و خوض کیا جائیگا ۔ ایودھیا فیصلہ کے خلاف درخواست نظرثانی داخل کرنے پر بورڈ کے ارکان میں اختلافات کی اطلاع ہے ۔ بورڈ کے صدر ظفرفاروقی نے بتایا کہ اجلاس میں 5 ایکڑ اراضی قبول کرنے یا نہ کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں مسجد کی تعمیر کیلئے مسلمانوں کو 5 ایکڑ اراضی دینے کا بھی حکم دیا ہے ۔ اس کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے تاریخی فیصلہ سنانے کے بعد فاروقی نے کہا تھا کہ فیصلہ کے خلاف درخواست نظرثانی داخل نہیں کی جائیگی ۔ بورڈ کے بعض ارکان اس موقف کی مخالفت کی ہے ۔ فاروقی نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے فیصلہ لینے کااختیار دیا گیا تھا لیکن اگر کسی رکن کو اس موقف پر اعتراض ہے تو وہ 26 نومبرکے اجلاس میں اس مسئلہ کو اُٹھاسکتا ہے ۔ سپریم کورٹ بنچ نے اپنے متفقہ فیصلہ میں ایودھیا کے متنازعہ مقام پر مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کردی اور مرکزی حکومت کو مسجد کی تعمیر کے لئے ایودھیا میں مناسب جگہ پر 5 ایکڑ اراضی دینے کی بھی ہدایت دی ہے ۔