نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ قومی صدر کے عہدہ کیلئے پرفل پٹیل کا نام بھی زیر غور
ممبئی ۔ 31 جنوری (یو این آئی) مہاراشٹر کے آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی المناک حادثاتی موت کے بعد یہ بات طے سمجھی جا رہی ہے کہ سنیترا پوار نائب وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ اسی پس منظر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اجیت پوار گروپ کے سینئر رہنما اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ سنیترا پوار کے راجیہ سبھا سے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر پرتھ پوار کو منتخب کیا جائے ۔ پارٹی کے سینئر ذرائع کے مطابق پرتھ پوار کو راجیہ سبھا بھیجے جانے کا امکان مضبوط ہو گیا ہے ۔ سنیترا پوار ممبئی پہنچ چکی ہیں اور آج قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر ان کا انتخاب ہوگیاہے ، جس کے بعد انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیا ۔ ذرائع کے مطابق، اس کے بعد امکان ہے کہ وہ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں داخل ہوں گی، یا تو اجیت پوار کے بارامتی اسمبلی حلقے سے ضمنی انتخاب لڑ کر، یا پھر قانون ساز کونسل میں کوئی نشست خالی کرا کے انہیں وہاں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے ساتھ ساتھ اجیت پوارگروپ میں پارٹی کے قومی صدر کے عہدہ پر بھی غور شروع ہو گیا ہے ۔ اس وقت پرفل پٹیل قومی ورکنگ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں قومی صدر بنانے کی بات چل رہی ہے ۔ تاہم، پارٹی کے اندر کھلے یا پوشیدہ طور پر ان کے نام پر مخالفت کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ایسی صورتِ حال سے بچنے کے لیے بعض رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ پارٹی کی قومی صدارت کی ذمہ داری خود سنیترا پوار کو سونپی جائے ۔ اس دوران این سی پی کے دونوں دھڑوں کے انضمام سے متعلق بات چیت بھی اجیت پوار کے انتقال کے بعد تیز ہو گئی ہے ، جو ان کی خواہش کے مطابق بتائی جا رہی ہے ۔ این سی پی (شرد چندر پوار) کے صدر شرد پوار نے بھی آج واضح کیا ہے کہ وہ اجیت پوار کی طرح دونوں جماعتوں کے اتحاد کے خواہاں ہیں۔ دونوں دھڑوں کے رہنماؤں کے درمیان مثبت بات چیت ہو چکی ہے اور فیصلے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ۔ اگر انضمام کا عمل تیزی سے مکمل ہو جاتا ہے تو اجیت پوار دھڑے کے لیے قومی صدر کے عہدے کا مسئلہ بھی زیادہ بڑا چیلنج نہیں رہے گا۔