سوالات کے پیش نظر ایئر اسٹرئک کی معلومات پر وضاحت ضروری :کمل ناتھ

   

بھوپال، 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے آج کہاکہ گزشتہ دنوں ہندستانی فضائیہ کے دہشت گردوں پر کئے گئے فضائی حملوں پر بین الاقوامی سطح کی ایجنسیاں بھی سوالات اٹھار ہی ہے ۔ اس لئے اسٹرائک سے وابستہ معلومات کی وضاحت کی جانی چاہئے ۔کمل ناتھ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ایئر اسٹرائک کے تعلق سے بین الاقوامی ایجنسیاں بھی مسلسل سوالات اٹھا رہی ہے ایسے میں ان شبہات کے پیش نظر یہ واضح کیا جانا چاہئے کہ اسٹرائک کب ، کہاں ہوئی اور اس میں کتنے لوگ مارے گئے ۔مرکزی حکومت پر دہشت گردی کے تعلق سے حملہ کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہاکہ یہ بھی دیکھا جانا ضروری ہے کہ 1993کے بعد سے ملک میں سب سے خطرناک دہشت گردانہ حملے کس حکومت کے دوراقتدار میں ہوئے ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ لوگ ملک کی سیکورٹی کے لئے خود کو اہل بتارہے ہیں۔ انہوں نے سوالیہ لہجہ میں کہاکہ آزادی کے بعد سلامتی دستوں، دفاعی اکادمیوں اور آرمی اسکول جیسی چیزیں کس نے بنائیں۔پورے سیکورٹی نظام کا خاکہ کس نے کھینچا۔انہوں نے کسی کام لئے بغیر کہاکہ جو لوگ ودسروں کو حب الوطنی کا سبق پڑھا رہے ہیں ، ہندستان کی آزادی کی لڑائی میں ان کا ایک بھی مجاہد آزادی نہیں ہے ۔آئندہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں مسٹر کملناتھ نے دعوی کیا کہ کانگریس ریاست میں 29میں سے 25سیٹیں جیتے گی۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ انتخابات کے بعد مسٹر نریندر مودی وزیراعظم نہیں رہیں گے ۔